واشنگٹن، 14 اگست :
امریکہ میں ایک قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے معروف ہندوستانی نژاد مصنف سلمان رشدی (75) کی حالت تیزی سے بہتر ہورہی ہے۔ رشدی کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اب وہ بات کرسکتے ہیں۔ رشدی کے ایجنٹ اینڈریو وائلی نے میڈیا کو مزید معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ دریں اثناء امریکی صدر جو بائیڈن اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے رشدی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
سلمان رشدی پر نیویارک میں جمعہ کی صبح تقریباً 10:47 پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔ رشدی کی گردن پر شدید چوٹ آئی ہے۔ گھنٹوں کی سرجری کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ سلمان کو اپنی ایک آنکھ کھونا پڑ سکتی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ناول نگار سلمان رشدی پر حملہ خوفناک تھا۔ ہم سب ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔