ممبئی، 16اگست:
صنعتکار اور ریلائنس انڈسٹریز گروپ کے چیئرمین مکیش امبانی کو پیر کے روز جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے ۔ ریلائنس فاونڈیشن اسپتال میں 8 بار کال کرکے یہ دھمکی دی گئی۔ دھمکی آمیز کالوں کے بعد ممبئی پولیس ایکشن موڈ میں آگئی اور بوریولی کی ایم ایچ بی کالونی سے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔ دھمکی دینے والاذہنی مریض بتایاگیاہے تاہم تفتیش جاری ہے۔
ریلائنس فاو¿نڈیشن اسپتال کے ڈاکٹر ترنگ گیان چندانی نے بتایا کہ پیر کی صبح 8 دھمکی آمیز کالیں آئی تھیں۔ اس نامعلوم شخص نے مکیش امبانی اور ان کے اہل خانہ کو فون پر جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ اس کے بعد ڈی بی مارگ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔
ممبئی پولیس کے مطابق دھمکیاں دینے، جان سے مارنے کی دھمکی دینے، گالی گلوج کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کے بعد پولیس نے بوریولی کی ایم ایچ بی کالونی سے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ حراست میں لیا گیا شخص ذہنی مریض بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ دھمکی آمیزفون کرنے والا بار بار ایک ہی بات کہتا رہا، میں امبانی خاندان کو مارنے جا رہا ہوں، انہیں مرنا ہے۔ یہ فون کال ریکارڈ کر کے پولیس نے غور سے سنا۔ پولیس حراست میں لئے گئے شخص کی آواز اور فون کی آواز کے ملاپ کے بعد ہی حقیقت کا پتہ چلے گا۔
امبانی کے سیکورٹی چیف سے ممبئی پولیس کے سینئر حکام نے رابطہ کیا ہے۔ سیکورٹی میں اضافہ کرنے کی ضرورت پڑی تو فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ امبانی خاندان کی سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ امبانی کی انٹیلیا رہائش گاہ کے باہر بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
