سرینگر /16اگست
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے شوپیاں میں اقلیتی فرقے کے دو افراد پر ملی ٹنٹوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے ذمہ دار جنگجوئوں کو کسی بھی صورت میں نہیں بخشا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سماج کے ہر فرد کو اس حملے کی پر زور مذمت کرنی چاہئے۔ سی این آئی کے مطابق چھوٹی گام شوپیان میں ملی ٹنٹوں کے حملے میں ہلاک ہوئے کشمیری پنڈت اور بھائی کے زخمی ہونے پر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے حملے کی شدید الفاظ میںمذمت کی ۔
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے ٹویٹر پر لکھا ’’شوپیاں میں عام شہریوں پر ہونے والے ملی ٹنٹ حملے کے درد کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے میرے خیالات سنیل کمار کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں‘‘۔ انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ہر فرد کو اس حملے کی پر زور مذمت کرنی چاہئے اور اس حملے کے ذمہ دار ملی ٹنٹوں کو بخشا نہیں جائے گا۔بتادیں کہ شوپیاں کے چھوٹی گام علاقے میں منگل کو جنگجوئوں کے حملے میں اقلیتی فرقے کا ایک شخص از جان جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔
