چٹان ویب ڈیسک
امریکی پارلیمان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر کو شراب پی کر گاڑی جلانے کے جرم میں پانچ دن کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ 82 سالہ کاروباری شخصیت کو 6,800 ڈالر کے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر پال پیلوسی نے کیلیفورنیا میں شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے ایک شخص کو زخمی کرنے کا اپنا جرم قبول کر لیا تھا، جس کے لیے 23 اگست منگل کو عدالت نے انہیں پانچ دن تک کی قید کی سزا سنائی اور انہیں 6,800 ڈالر کا جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
جب یہ واقعہ پیش آیا تھا اس وقت پال پیلوسی کو گرفتاری کے بعد دو روز تک جیل میں رہنا پڑا تھا اور اب انہیں مزید جیل جانا نہیں پڑے گا۔ ناپا کاؤنٹی کی ایک اعلی عدالت کے جج جوزف سولگا نے گرفتاری کے بعد پہلے ہی جیل میں رہنے کے لیے انہیں دو دن کا کریڈٹ دیا، اور پھر ان کے اچھے برتاؤ کے لیے بھی مزید دو دن کا کریڈٹ عطا کر دیا۔
82 سالہ پال کو باقی ایک دن کی جیل کے بدلے میں آٹھ گھنٹے تک کمیونٹی سروس انجام دینے کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے اس سزا کے ساتھ ہی ان پر بعض دیگر شرائط بھی عائد کی ہیں۔ وینچر کیپیٹل ایگزیکٹو کو اب تین ماہ کی’ ڈرنک ڈرائیو کلاس’ میں بھی شرکت کرنا ہو گا اور اپنی کار پر وہ اگنیشن انٹر لاک ڈیوائس بھی نصب کرنا ہو گا، جس میں ڈرائیور کو کار اسٹارٹ کرنے سے قبل ہی اپنی سانس کا نمونہ فراہم کرنا ہوتا ہے۔
