سری نگر ،25اگست:
جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ اوڑی کے کمل کوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر در اندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے تین در اندازوں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اوڑی کے کمل کوٹ سیکٹر میں جمعرات کے روز دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کے دوران ملی ٹینٹوں اور فورسز کے بیچ گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران تین ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا اور اُن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ اُن کے مطابق دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ کے بیچ سرحدوں پر ہا ئی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ا نہوں نے بتایا کہ فوج سرحدوں پر خصوصی نظر گزر رکھ رہی ہے اور کسی کو بھی اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ادھر کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اوڑی کے کمل کوٹ سیکٹر میں مدیان نانک پوسٹ کے نزدیک فوج اور بارہمولہ پولیس نے تین در اندازوں کو مار گرایا۔
ادھر بی ایس ایف نے جمعرات کو سانبہ ضلع سرحدی علاقے میں منشیات کے آٹھ پیکٹ برآمد کرکے منشیات کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنایا ہے وہیں ایک در انداز کو زخمی کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔پی آر او بی ایس ایف جموں نے بتایا کہ علی الصبح بی ایس ایف کے اہلکاروں نے سانبہ علاقے میں بین الاقوامی سرحد پر سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا اور علاقے میں منشیات (ہیروئن) کے 8 پیکٹ برآمد کئے۔
بی ایس ایف کے پی آر او نے کہا، “بی ایس ایف کے اہلکاروں نے پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک شخص کی مشتبہ نقل و حرکت دیکھی جس کے پاس ایک بیگ تھا”۔انہوں نے کہا کہ چوکس بی ایس ایف کے اہلکاروں نے فوری طور پر دراندازی پر گولیاں چلائیں اور اسے زخمی کر دیا۔ بی ایس ایف نے بتایا کہ زخمی سمگلر رینگتے ہوئے واپس پاک کی طرف جانے میں کامیاب ہو گیا۔ا±نہوں نے مزید کہا ، ”علاقے میں زخمی پاک اسمگلر کے خون کے دھبے ملے ہیں۔“(یو پی آئی)
