سری نگر،01ستمبر:
جموں و کشمیر میں سال 2021میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت ملک بھر میں سب سے زیادہ مقدمات درج ہوئے، نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی تازہ ترین رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق کہ 2019میں یو اے پی اے کے تحت 255کیس درج کیے گئے، اس کے بعد 2020 میں 287اور 2021میں 289کیس درج ہوئے۔
ملک بھر میں یو اے پی اے کے تحت 814کیس درج کیے گئے، جن میں جموں و کشمیر میں 289، منی پور میں 157، آسام میں 95، جھارکھنڈ میں 86 اور اتر پردیش میں 83 شامل ہیں، اس کے علاوہ مہاراشٹر، لداخ اور دیگر20ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں یو اے پی اے کے تحت ایک بھی معاملہ درج نہیں ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق، جموں و کشمیر میں فسادات کے واقعات تمام آٹھ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سب سے زیادہ ہیں، تاہم، پورے ملک میں فسادات کی سب سے زیادہ تعداد مہاراشٹر میں رپورٹ ہوئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر میں فسادات کے 8709 واقعات ہوئے جن میں 9635 افراد شامل تھے اور جموں و کشمیر میں 751 فسادات کے واقعات درج کیے گئے جن میں 831افراد شامل تھے۔فسادات کے مقدمات میں سے 346اراضی اور جائیداد کے تنازعات میں، 136 پولیس اہلکاروں اور دیگر سرکاری ملازمین پر حملوں اور 107 دیگر کارروائیوں کے لیے درج کیے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر میں ریاست کے خلاف جرائم کے 300مقدمات درج کیے گئے ہیں اس کے علاوہ عوامی امن کے خلاف جرائم کے 781مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں 867 افراد شامل ہیں۔
