سری نگر،01ستمبر:
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں جمعرات کے روز ایک دلدوز سڑک حادثے میں2افراد کی موت جبکہ3 دیگر زخمی ہوگئے جن کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا۔جموںو کشمیر میں گزشتہ کچھ ماہ سے سڑک حادثات میں تشویشن ناک حاد تک اضافہ ہوا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں ہوٹل پوائنٹ کے نزدیک جمعرات کو ایک ٹرک اور ایک ماروتی ویگن آر کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں دو افراد کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔متوفین کی شناخت محمد صدیق خان ولد عبدالعزیز خان اور محمد زمان خان ولد قمر زمان خان ساکنان بونیار اوڑی کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور وہاں موجود لوگوں نے زخمیوں کو ٹراما ہسپتال پٹن پہنچایا۔
دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔خیال رہے جموں کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں ہی گزشتہ کئی ماہ سے حادثات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اسے قبل گزشتہ دنوں کشتواڑ کے ایک بالائی علاقے میں ایک حادثے میں8افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
