سرینگر، 03 ستمبر:
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کو ایک بڑا دھچکا دیتے ہوئے اس کے سرکردہ گوجر رہنما چودھری گلزار احمد کھٹانہ نے سابق وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد کے ساتھ جانے میں ہی اپنی بہتری سمجھی ہے۔ جنوبی کشمیر کے پی ڈی پی کے بااثر رہنماؤں میں سے ایک گلزار نے سابق وزیر پیرزادہ محمد سعید کی موجودگی میں غلام نبی آزاد کی زیرقیادت کیمپ کی حمایت کی ہے۔
پیرزادہ محمد سعید نے بتایا کہ وہ ہمارے ساتھ شامل ہو گیے ہیں۔ گلزار نظام الدین کھٹانہ (سابق ایم ایل سی) کے بیٹے ہیں اور وہ خود پی ڈی پی-بی جے پی حکومت کے دوران وزیر مملکت (ایم او ایس) کے درجہ کے ساتھ گجر بکروال ایڈوائزری کے وائس چیئرمین تھے۔ جبکہ گلزار کی اہلیہ لارنو ڈی ڈی سی سیٹ سے پی اے جی ڈی کی امیدوار تھیں ۔گلزار کا چلے جانا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے کیونکہ انہیں کوکرناگ اسمبلی سیٹ کے لیے ایک سنجیدہ دعویدار سمجھا جاتا ہے جب کہ اسے شیڈولڈ ٹرائب (ایس ٹی) کے لیے ریزرو کیا گیا تھا۔ یہ پی ڈی پی کے لیے ایک دھچکا ہے‘‘۔
ایک سیاسی مبصر نے کہا کہ کانگریس کے علاوہ، آزاد کے ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کے منصوبے سے کشمیر میں پی ڈی پی کو سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔ مبصر کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ آزاد کا زیر قیادت کیمپ وادی میں جنوبی کشمیر پر زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے زیادہ تر سیاست دان جو غلام نبی آزاد کے ساتھ شامل ہوئے ہیں۔ ان کا تعلق جنوبی کشمیر سے ہے۔ اب تک پیرزادہ محمد سعید (سابق وزیر)، محمد امین بھٹ (سابق ایم ایل اے) اور گلزار احمد نے جنوبی کشمیر سے آزاد زیرقیادت کیمپ کی حمایت کی ہے۔ 34 فیصد ایس ٹی آبادی کے ساتھ، کوکرناگ سیٹ کو سپریم کورٹ کی سابق جج جسٹس (ریٹائرڈ) رنجنا دیسائی کی سربراہی میں تین رکنی حد بندی کمیشن نے کمیونٹی کے لیے مخصوص کیا تھا۔
