جموں، 05 ستمبر :
جموں و کشمیر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہو رہی ہلکی بارش کی وجہ سے جموں۔سرینگر قومی شاہراہ گاڑیوں کی آمدرفت کے لئے بند ہو گئی ہے۔ قومی شاہراہ کو رامبن ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
دیر رات سے صبح تک بارش کی وجہ سے رامبن میں پہاڑوں سے پتھر اور ملبہ گر رہا ہے جس کی وجہ سے آمدرفت متاثر ہوئی ہے۔ ایک پولیس اہلکار نے پیر کو بتایا کہ جموں۔سری نگر قومی شاہراہ رامبن ضلع کے مہڑ کے کیفے ٹیریا موڑ پر مسلسل لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہ وادی کشمیر کی لائف لائن ہے اور وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی مرکزی سڑک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑیوں سے مسلسل پتھر گرنے کی وجہ سے سڑک کو صاف کرنے کا کام شروع نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ بند ہونے کے بعد ہی سڑک کو صاف کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔