سرینگر،08ستمبر:
شیخ محمد عبداللہ کے40؍ویں یوم وصال پر مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرنے کی غرض سے مزار قائد واقع نسیم باغ پر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے مزار قائد پر گلباری اور فاتحہ خوانی کی۔ اُنہوں نے مادر مہربان بیگم اکبر جہاں کے مرقد پر بھی گلباری اور فاتحہ خوانی کی۔
اس سے قبل صبح صادق ہی شیر کشمیر ریڈنگ روم نسیم باغ میں حسب قدیم قرآن خوانی کی مجلس بھی آراستہ ہوئی۔اس دوران پارٹی لیڈران نے شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے دور قیادت کو فکر مندانہ اور مستقبل کے چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کیلئے حکیمانہ قرار دیا ہے۔انہوں نے اِس تاریخ ساز شخصیت کے تئیں عقیدت واحترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ40؍ سال قبل ۸؍ستمبر کو شیر کشمیر کے جلوس جنازہ میں روتے بلکتے لاکھوں پیروجوان اور مرد وزن کے اجتماعی اضطراب ، آنسوئوں کی روانی اور غم واندوہ کا سماں اِس حقیقت کا باعث بنا ہوا ہے ،کہ کشمیر کو چھوڑ کر دنیا بھر میں کسی قوم کو اتنے بڑے شفیق ، رفیق قاید کی رہنمائی نصیب نہیں ہوئی ہے۔ شیخ صاحب عوام مقبول، ہر دلعزیز اور نڈر وبے باک رہنما تھے، جنہوں نے اپنے وطن سے بھرپور محبت تھی اور وطن دار بھی اُن کے اشاروں پر جان نثاری کیلئے ہمہ تن بیقرار رہتے تھے۔ وہ ظالم کے بجائے ظلم کے پورے نظام کے خلاف برسرپیکار تھے۔ اور ان کی جدوجہد کا دائرہ تنگ وتاریک نہیں تھا۔ انہوں نے موروثی حکمرانی کے خلاف صف آرا ہوکر نہ صرف وراثتی راج کو اکھاڑ پھینکا، بلکہ شخصی راج کی صعوبتوں اور ظالمانہ نظام کی اینٹ سے اینٹ بجادی۔
ادھر جموں میں شیر کشمیر بھون میں بھی ایک پُر وقار تقریب پر مرحوم قائد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مرکزی و صوبائی لیڈران نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ،کہ مرحوم شیخ صاحب فرقہ دارانہ ہم آہنگی اور تینوں خطوں کے عظیم ورثہ یعنی بھائی چارہ اور ہندو ، مسلم ، سکھ اتحاد کے علمبردار تھے ۔ مرحوم قائد نے ہمیشہ تشدد سے نفرت کی اور زندگی بھر عدم تشدد کے حامی رہے۔ جبکہ خطہ چناب اور پیرپنچال کے علاوہ کرگل اور لداخ میں خراج عقیدت کی تقاریب کا انعقاد ہوا۔ ان تقریب میں پارٹی عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی اور شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کو سنہری الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور اُن کی زندگی کو مستقبل کے چیلنجوں میں سروخرو ہونے کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔ بیرونی ممالک کے علاوہ سرحد پار بھی مرحوم شیر کشمیرشیخ محمد عبداللہ کی تاریخ ساز خدمات پر تقاریبات کا انعقاد ہوا اور محسن کشمیر کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔