سری نگر/08؍ستمبر:
اِنتظامی کونسل کی آج یہاں ایک میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جموںوکشمیر یوٹی میں گھریلو بجلی صارفین کے لئے ایمنسٹی سکیم کو منظور ی دی گئی۔
میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے شرکت کی۔
اِس فیصلے سے زائد اَز 5.50لاکھ گھریلو صارفین مستفید ہوں گے جن کو تقریباً937.34 کروڑروپے کا سر چارج یا اِنٹرسٹ معاف کیا جائے جو وقت پر بِلوں کی ادائیگی نہ کرنے پر ادا کرناتھا۔
اِنتظامی کونسل نے صارفین کو یہ آخری موقعہ فراہم کیا ہے کہ سکیم کی مدت کے دوران کووِڈ ۔19 وَبائی بیماری کے پھیلائو کی وجہ سے سکیم کے فوائد حاصل نہ کرسکے ۔ نئی سکیم میں یہ تصور کیا گیا ہے کہ 31؍ مارچ 2022ء تک صد فیصد سود / سرچارج ختم کرنے کے بعد جمع ہونے والے بقایا اَصل رقم زیادہ سے زیادہ بارہ ماہ 12 قسطوں میں اَدا کی جائے گی۔
اِس سکیم میں مزید یہ بھی شامل ہے کہ مقررہ بارہ ماہ کی مدت کے اَندر کسی بھی قسط / اقساط کی ادائیگی میں ناکامی پر بقایا واجبات پر کمپائونڈ سود کی وصولی ، بجلی ایکٹ 2010 کے تحت جرمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وہ صارفین جو ماہانہ بقایا اقساط کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ موجودہ بِل کی ادائیگی میں ناکام رہتے ہیں وہ بجلی کی فراہمی منقطع کرنے کے اور ایمنسٹی سکیم کے فوائد سے بھی محروم ہوجائیں گے ۔
سکیم کی مؤثر عمل آوری کی نگرانی کے لئے ایک خود مختار پروجیکٹ مینجمنٹ ایجنسی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
