سری نگر10 ستمبر:
مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرمائی دار الحکومت جموں میں کشمیری پنڈتوں نے اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرین مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کی باز آبادکاری کا انتظام کیا جائے۔بتا دیں کہ کشمیری پنڈتوں کی ایک بڑی تعداد نے 1989 میں کشمیر سے اس وقت نقل مکانی کی تھی جب کشمیر وادی میں دہشت پسندوں نے بندوق کا راستہ اختیار کرکے حکومت کے خلاف ایک مہم شروع کی تھی۔جس کے بعد کشمیری پنڈت مجبوراً ادھم پور اور جموں میں منتقل ہوگئے جہاں حکومت نے انہیں عارضی ٹھکانے فراہم کیے۔ بعد میں کئی پنڈت ملک کے مختلف شہروں میں بھی منتقل ہوگئے۔
پنڈتوں کا الزام ہے کہ حکومتوں نے ان کی مکمل باز آبادکاری کے انتطامات نہیں کئے جب کہ حکومت کا کہنا ہے کہ پنڈتوں کے لیے اب تک ہزاروں کروڑ روپے خزانۂ عامہ سے جاری کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ جموں میں مقیم کشمیری پنڈت ملازمین بھی قریب تین ماہ سے احتجاج کر رہے ہیں ۔وہ کشمیر سے اپنی منتقلی کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔