نئی دہلی ، 12ستمبر:
بی سی سی آئی نے ٹی۔ 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان کر دیا ہے۔ روہت شرما کی کپتانی میں بورڈ نے 15 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا ہے، جو آسٹریلیا میں ہونے والے اس میگا ایونٹ میں کھیلیںگے۔اس ٹیم میں تیزگیندباز جسپریت بمبراہ اورمیڈیم پیسر ہرشل پٹیل کی واپسی ہوئی ہے جبکہ محمد شمی کو ریزرو کے طور پر ٹیم میں رکھا گیا ہے۔
پیر 12 ستمبر کو بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی ) نے اس میگا ایونٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا۔ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس پیر کی دو پہر کوہوا جس میں 15 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا گیا۔ آسٹریلیا میں ہونے والے کثیر ملکی ٹورنامنٹ میں ٹیم انڈیا کی کپتانی روہت شرما اور نائب کپتان کے ایل راہل کریں گے۔ تیز گیند باز محمد شمی کو مین ٹیم میں جگہ نہیں ملی۔ انہیں اور دیپک چاہر کو ریزرو کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شریس ایئر اور روی بشنوئی کو بھی ریزرو کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
زخمی رویندرجڈیجہ ٹی۔20 ورلڈ کپ کے فائنل ففٹی کا حصہ نہیں ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ٹیم کے تیزگیندباز جسپریت بمراہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ روی بشنوئی اور آویش خان ایشیا کپ 2022 کے اسکواڈ سے باہر ہیں۔ باقی 13 کھلاڑی وہی ہیں جب کہ جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل کی واپسی ہوئی ہے۔ ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹیم نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم فائنل تک نہیں پہنچ سکی۔ اس کے باوجود نوجوان تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ کو بھی اہم ٹیم میں رکھا گیا ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی ۔20 ورلڈ کپ 2022 آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک منعقد ہونا ہے۔ ٹیم انڈیا کا پہلا میچ اتوار 23 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف ہے۔ دونوں ٹیمیں گروپ 2 کا حصہ ہیں۔ پاکستان کے بعد بھارت کو جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے علاوہ دو دیگر ٹیموں سے مقابلہ کرنا ہے جن کا اعلان گروپ مرحلے کے میچوں کے بعد کیا جائے گا۔ اہم میچوں سے قبل بھارتی ٹیم دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔
ٹی ۔20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم اس طرح ہے۔
روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہل (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادیو، دیپک ہڈا، رشبھ پنت (وکٹ)، دنیش کارتک (وکٹ)، ہاردک پانڈیا، آر اشون، یوزویندر چہل، اکشر پٹیل، جسپریت بمراہ، بھونیشور کمار، ہرشل پٹیل، ارشدیپ سنگھ۔
ریزرو کھلاڑی: محمد شمی، شریس ایئر، روی بشنوئی، دیپک چاہر
