سری نگر،12ستمبر:
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیدوار اَتل ڈولو نے جموںوکشمیر میں گلٹی دار جلد بیماری کے پھیلائو کو کنٹرول کرنے کے لئے اُٹھائے گئے اَقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ میں ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں / کشمیر ، سکاسٹ جموں / کشمیر کے نمائندوں ، تمام اَضلاع کے چیف اینمل ہسبنڈری اَفسران اور دیگر متعلقہ اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔
ابتداً ، میٹنگ میں محکمہ اینمل ہسبنڈری اور ڈیرینگ کی سفارشات پر تبادلہ خیال ہواجس میں ریاستوں اور یوٹیز کو بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن کے لئے جانے اور جانچ کو تیز کرنے کے لئے کہا گیا تھا۔
متعدد پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی گئیں جن میں ویکسی نیشن ، اَدویات کا اِستعمال ، ویکسین کی خریداری اور ٹیسٹنگ کے لئے نمونے جمع کرنے کی صورتحال اور کنٹرول کرنے کے اَقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
میٹنگ میں ٹاسک فورس کی ٹیموں ، ماہرین او رسائنسدانوں کی رائے ، اِن پٹ اور سفارشارت موصول ہوئیں تاکہ بیماری کے پھیلائو پر قابو پایا جاسکے۔
اِس موقعہ پر اَتل ڈولو نے ویکسی نیشن ، جانوروں کی نقل وحمل پر پابندی ، فوگنگ ، ریپڈ رسپانس ٹیموں ، عوامی بیداری کے علاوہ نمونے لینے اور جانچ ، مردہ جانوروں کو ٹھکانے لگانے وغیرہ کے حوالے سے کی گئی کارروائی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اُنہوں نے متعلقہ اَفراد پر زور دیا کہ وہ اِس بیماری پر قابو پانے کے لئے مرکزی حکومت کے تمام رہنما خطوط پر عمل درآمد کریں۔اُنہوں نے اَفسران سے کہاکہ وہ بیہک میں جانوروں اورمائیگرٹری مویشیوں کی ویکسی نیشن پر توجہ دیں۔
اَتل ڈولو نے اَدویات کی دستیابی کے بارے میں بھی دریافت کیا جبکہ دونوں ڈائریکٹر وں کو ہدایت دی کہ وہ تمام متاثرہ علاقوں میں مطلوبہ اَدویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ اِس پھیلائو سے بروقت اور مؤثر طریقے سے نمٹا جاسکے۔
اُنہوں نے متعلقہ اَفراد کو بیداری مہم چلانے ، گھرگھر جا کر معائینہ کرنے اور فیلڈ سٹاف کے دورے کرنے کی ہدایت دی تاکہ کسانوں کو گلٹی دار جلد بیماری کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔
اِس سے قبل میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ اَب تک 33,690 جانور گلٹی دار جلد بیماری سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 22,800 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جموںوکشمیر میں مویشیوں کو 1,33,450 خوراکیںدی گئی ہیں۔
