چٹان ویب ڈیسک
انڈیا کے ایک کسان نے مندر میں دیوی کو خوش کرنے کے لیے اپنی زبان کاٹ دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو ریاست اترپردیش کے مشہور مندر میں ایک 40 سالہ شخص کی جانب سے اپنی زبان کاٹنے کے بعد وہاں موجود ہجوم میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس آفیسر ابھیلاش تیواری نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس شخص اور اس کی بیوی نے اس سے قبل مذہبی رسومات ادا کیں اور پھر چاقو نکال کر اس نے اپنی زبان کاٹ کر مندر کے دروازے پر رکھ دی۔
ابھیلاش تیواری نے کہا کہ ’مندر میں تعینات ہمارے افسران نے دوسرے عبادت گزاروں کی مدد سے اسے ہسپتال پہنچایا۔‘
تیواری نے مزید کہا کہ بیوی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے شوہر نے دیوی کو خوش کرنے کے لیے اپنی زبان کی ’قربانی‘ کی ہے لیکن وہ اس کی مزید وضاحت نہیں کر سکیں۔اپنے جسمانی اعضا کو نقصان پہنچانا اور بعض اوقات ’انسانی جان تک کی قربانی‘ دینا انڈیا میں ایک بڑا مسئلہ ہے جہاں آبادی کا ایک بڑا طبقہ توہم پرستانہ عقائد کا حامل ہے۔
بعض اوقات وہاں کے لوگ دیوتاؤں کو خوش کرنے کے لیے عجیب و غریب حرکتیں کرتے ہیں۔یاد رہے کہ اس نوع کے کم از کم دو واقعات گزشتہ برس انڈیا کی دو ریاستوں میں رپورٹ ہوئے جب 20 برس کے دو افراد نے اپنی زبانیں کاٹ کر دیوتاؤں کو پیش کی تھیں۔
سنہ 2020 میں ایک ہندو پجاری نے ایک مقامی کسان کا سر قلم کر کے قربانی کے طور پر پیش کیا تھا۔اس بچاری کا دعویٰ تھا کہ اس نے خواب دیکھا تھا کہ کسی دیوتا نے اسے ایسا کرنے کو کہا۔