سرینگر، 15 ستمبر:
شالہ بگ کو ایس اے جی وائی اسکیم کے تحت جدید ہائی ٹیک ولیج کے طور پر تیار کیا جائے گا ،اور اس کی ترقی کے لیے 13.61 کروڑ روپے کا ایکشن پلان بھی تیار کیا گیا ہے، یہ بات ڈی ڈی سی چیئرپرسن گاندربل نزہت اشفاق نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) گاندربل، شیامبیر کے ساتھ مشترکہ طور پر ایک بلاک دیوس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان کے تحت ہتبورا اور شالہ بگ کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کو بھی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت تمام کچرے کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگایا جائے گا اس کے علاوہ نالہ سندھ کو خوبصورت بنایا جائے گا تاکہ آبی نقل و حمل کو بحال کیا جا سکے اور شالہ بگ ویٹ لینڈ کو تیار کیا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خاص طور پر دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ان کی دہلیز پر ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ شالہ بگ اور ضلع کے دیگر بلاکس میں مختلف ترقیاتی کام زور و شور سے جاری ہیں۔ عوام کے مطالبات اور شفافیت کو ہر سطح پر یقینی بنایا گیا ہے۔ پانی کی سپلائی میں اضافہ کے مسئلہ کا جواب دیتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ محکمہ جل شکتی کو جنگی بنیادوں پر ضرورت کے مطابق پائپ لائن بچھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس موقع پر ڈی سی نے پی آر آئیز کو مشورہ دیا کہ وہ مقامی لوگوں کے مطالبات کے مطابق کاموں کی فہرست تیار کریں تاکہ اسے بیک ٹو ولیج پروگرام کے آئندہ چوتھے مرحلے میں پیش کیا جا سکے۔ ڈی سی نے مقامی لوگوں پر بھی زور دیا کہ وہ جاری نشا مکت بھارت ابھیان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ان پر زور دیا کہ جہاں کہیں بھی جنگلی بنگ کی کاشت کی جاتی ہے اسے ختم کر دیں تاکہ ہمارے معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک بنایا جا سکے۔
