جموں/15؍ستمبر:
حکومت جموں وکشمیر نے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر عام تعطیل کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے اِس حوالے سے جلد نوٹیفکیشن جاری کی جائے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے یہ اعلان آج راج بھون میں سرکردہ سیاسی رہنمائوں ، یوا راجپوت سبھا کے اراکین ، سول سوسائٹی کے ارکان بشمول جموںوکشمیر ٹرانسپورٹ یونین کے سربراہ پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کے بعد کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ حکومت نے مہاراجہ ہری سنگھ جی کے یوم پیدائش پرعام تعطیل کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مہاراجہ ہری سنگھ ایک عظیم ماہر تعلیم ، ترقی پسند مفکر ، سماجی مصلح اور نظریات کے بلند پایۂ اِنسان تھے۔عام تعطیل مہاراجہ ہری سنگھ جی کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے موزوں ہوگی۔‘‘
یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر اس برس کے شروع میں جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ نے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کے حوالے سے عوامی مطالبے کا جائزہ لینے کے لئے ایک چار رُکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
اِس موقعہ پر سرکردہ سیاسی قائدین بشمول ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور شرما ، سابق ڈی سی ایم ڈاکٹر نرمل سنگھ، دیویندر رانا، ست شرما، اجیت سنگھ ،صدر آل جے اینڈ کے ٹرانسپورٹ یونین ،یووا راجپوت سبھا کے صدر راجن سنگھ اور یوار راجپوت سبھا کے ممبران موجود تھے۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کما ر مہتا ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار ، ڈی آئی جی وویک گپتا ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں محترمہ اونی لواسااور ایس ایس پی جموں چند کوہلی بھی موجود تھے۔