نئی دہلی، 22 ستمبر:
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی مشترکہ ٹیم نے جمعرات کی صبح سے دارالحکومت دہلی سمیت 11 ریاستوں میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے ٹھکانوں پر چھاپے مار کر 106 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ کیرالہ، کرناٹک اور مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ دارالحکومت دہلی سے تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ آٹھ لوگوں کو اتر پردیش سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق این آئی اے نے پی ایف آئی صدر پرویز کے دہلی دفتر میں صبح 3.30 بجے چھاپہ مارا اور انہیں اور ان کے بھائی کو گرفتار کر لیا۔ اوکھلا میں رہنے والے پرویز طویل عرصے سے پی ایف آئی سے منسلک ہیں۔
اس کارروائی میں سب سے زیادہ گرفتاریاں کیرالہ میں کی گئیں۔ دریں اثنا، این آئی اے کے ذریعہ پہلے درج کئے گئے ایک کیس میں، تحقیقاتی ایجنسی نے حیدرآباد کے چندرائن گٹہ میں تلنگانہ پی ایف آئی ہیڈکوارٹر کو سیل کردیا ہے۔ پونہ کے کودھوا علاقے میں بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔
چھاپوں کے دوران کیرالہ میں 22 افراد کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹر میں 20-20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے بعد سب سے زیادہ 10 گرفتاریاں تمل ناڈو سے کی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں آسام سے 9، اتر پردیش سے 8، آندھرا پردیش سے 5، مدھیہ پردیش سے 4 جبکہ دہلی اور پڈوچیری سے 3-3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ راجستھان سے بھی دو گرفتاریاں کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مہاراشٹرا میں بھی پی ایف آئی کے دفاتر پر این آئی اے کا تلاشی آپریشن جاری ہے۔ مہاراشٹر میں پی ایف آئی کے کچھ لیڈروں کو این آئی اے نے حراست میں لیا ہے۔ پی ایف آئی کے خلاف ملک میں تشدد بھڑکانا، دہشت گردانہ حملے، فسادات اور دہشت گردی کی فنڈنگ جیسے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔
