لداخ ،3 اکتوبر:
مشرقی لداخ میں ہندوستانی فضائیہ کے دنیا کے سب سے جدید لینڈنگ گراؤنڈ دولت بیگ اولڈی ڈی بی او پر موبائل کی گھنٹیاں بجنا شروع ہوگئیں۔ ہندوستانی فوج کی سگنل رجمنٹ نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے ساتھ چین سے متصل علاقوں میں ایک بہتر مواصلاتی نیٹ ورک قائم کرنے کی مہم کے طور پر 17,500 فٹ کی بلندی پر بی ایس این ایل کے موبائل ٹاور نصب کیے ہیں۔مشرقی لداخ میں چین کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ ڈی بی او بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔
فضائیہ کے طیارے چند منٹوں میں اس لینڈنگ گراؤنڈ پر فوج کو درکار سازوسامان اور سپاہیوں کو پہنچا سکتے ہیں۔ فوج کے ترشول ڈویژن کے سگنل رجمنٹ کے جوانوں نے ڈی بی او میں انتہائی سرد ماحول میں برف باری کے درمیان بھارت سنچار نگم لمیٹڈ کے موبائل ٹاورز کو نصب کر کے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے
۔موبائل ٹاورز کی تنصیب سے علاقے میں تعینات فضائیہ اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کو تقویت ملے گی۔ اس سے وہاں تعینات فوجی اور فضائیہ اپنے اہل خانہ سے باآسانی رابطہ قائم کر سکیں گے۔ اس سے قبل موبائل سگنل کی کمی کی وجہ سے خراب موسم میں فضائیہ، فوج کے لیے رابطہ قائم کرنا مشکل تھا۔ اب موبائل ٹاور کی تنصیب سے انٹرنیٹ سروس بھی دستیاب ہو گی۔چین لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے ساتھ اپنے علاقے میں بنیادی ڈھانچے کو مسلسل مضبوط کر رہا ہے۔ چین نے وہاں موبائل ٹاورز کی تنصیب کے ساتھ 5 جی سروس شروع کر دی ہے۔
حال ہی میں چین نے مشرقی لداخ میں 3 نئے موبائل ٹاور لگائے ہیں۔ ایسے میں اس وقت لداخ کے سرحدی علاقوں میں ہندوستانی فوج کے مواصلاتی نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے۔حال ہی میں، ہندوستانی فوج نے مغربی لداخ میں سیاچن گلیشیئر میں انیس ہزار فٹ کی بلندی پر سیٹلائٹ پر مبنی انٹرنیٹ سروس شروع کی۔ اس سروس کے آغاز سے علاقے میں سمارٹ سرویلنس، فوج کے ڈرون کنٹرول جیسی سرگرمیوں کو منظم کرنے میں فائدہ ہوگا۔