سرینگر،3 اکتوبر :
جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کی سنئیر ایڈوکیٹ مونیکا کوہلی کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جموں ونگ میں ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں یو ٹی حکومت نے حکم نامہ جاری کیا ہے۔ گزشتہ 23 سالوں سے ایک پریکٹس کرنے والی وکیل مونیکا کوہلی نے مختلف عدالتوں بشمول سپریم کورٹ آف انڈیا اور مختلف ریاستوں اور یو ٹیز کی ہائی کورٹس کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن ٹربیونلز میں کئی معاملات کا مقدمہ لڑا ہے۔
اُنہوں نے پبلک سروس کمیشن اور محکمہ خزانہ حکومت جموں و کشمیر میں جے اینڈ کے ہائی کورٹ کے ایڈوکیٹ جنرل کے پینل پر وکیل کی حیثیت سے پریکٹس کی۔ وہ 2015 سے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی ریٹینر کونسل بھی ہیں اور انہیں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی)، اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) اور جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی، (جے ڈی اے) کے لیے پینل ایڈوکیٹ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ انہیں معاشرے کے پسماندہ طبقوں کو مفت قانونی امداد اور مشورہ دینے کے لیے پرو بونو وکیل کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے ڈی ایل ایس اے کے ساتھ بطور پرو بونو وکیل بھی کام کیا ہے۔
مونیکا کوہلی کو کووڈ کے وبائی امراض کے دوران جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کی طرف سے سپریم کورٹ آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے لیے امیکس کیوری کے طور پر بھی مقرر کیا گیا تھا۔
