سٹاک ہوم، 07 اکتوبر :
دنیا کے سب سے باوقار نوبل انعامات میںسے امن کے انعام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سال کا نوبل امن انعام انسانی حقوق کے لیے وقف رہاہے۔ بیلاروسی انسانی حقوق کےعلمبردار ایلس بیالیاٹسکی اورروس ویوکرین کی اہم انسانی حقوق کی سرکردہ تنظیموں میموریل اینڈ سینٹر فار سول لبرٹیزکومشترکہ طور پر سال 2022 کا نوبل امن انعام دیا گیا ہے۔
امن کے نوبل انعام کا اعلان جمعہ کے روز کیا گیا۔ نوبل انعامات دنیا بھر میں فزیکس، کیمسٹری، ادب، میڈیسن اور امن کے شعبوں میں کام کرنے والوں کو دیئے جاتے ہیں۔
ناروے کی نوبل کمیٹی کے سربراہ بیریٹ ریز اینڈرسن نے کہا کہ سال 2022 کا نوبل امن انعام مشترکہ طور پر ایک شخص اور دو اداروں کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سال امن کا نوبل انعام بیلاروس کے انسانی حقوق کے علمبردار ایلس بیالیاٹسکی، روس کی انسانی حقوق کی تنظیم میموریل اور یوکرین کی انسانی حقوق کی تنظیم سینٹر فار سول لبرٹیز کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔
امن کے نوبل انعامات کا اعلان کرتے ہوئے بریٹ ریز اینڈرسن نے کہا کہ اس سال کا نوبل امن انعام جیتنے والے بیلاروس کے انسانی حقوق کے علمبردار ہوں یا روس اور یوکرین کی انسانی حقوق کی تنظیمیں، تینوں نے اپنے ملکوں میں شہری حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی ہے۔ وہ گزشتہ کئی سالوں سے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اقتدارکی تنقید کے حق کو فروغ دے رہے تھے۔ انہوں نے جنگی جرائم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اقتدار کے ناجائز استعمال کے مقدمات کو منظر عام پر لانے کے لیے قابل ذکر کوششیں کی ہیں۔ یہ سب امن اور جمہوریت کے لیے سول سوسائٹی کی افادیت ثابت کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
اس سے قبل سال 2022 کے ادب کے نوبل انعام کا اعلان فرانسیسی مصنفہ اینی آرنوکس کو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسی طرح امریکہ کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی کیرولین آر۔ برٹوزی، ڈنمارک میں یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کے مورٹن میلڈول اور امریکہ میں اسکریپس ریسرچ سینٹر کے کے بیری شارپلیس کو کیمسٹری کا نوبل انعام دینے کا اعلان کیا گیاتھا۔
فرانسیسی سائنسدان ایلین اسپیکٹ، امریکی سائنسدان جان ایف کلازر اور آسٹریائی سائنسدان اینٹون زیلنگر کو مشترکہ طور پر فزکس کا نوبل انعام دیا گیا ہے۔ سویڈش ماہر جینیات سوانتے پابو کو ناپید ہومینز کے جینوم اور انسانی ارتقا سے متعلق ان کی دریافتوں پرمیڈیسنکا 2022 کا نوبل انعام دیا گیا۔
