واشنگٹن، 8 اکتوبر:
امریکہ نے ہندوستان کا سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے ان سے زیادہ محتاط رہنے کو کہا ہے۔ امریکہ نے جمعہ کو یہ انتباہ اپنے شہریوں کو جاری کیا کہ وہ ہندوستان میں جرائم اور دہشت گردی کے پیش نظر زیادہ محتاط رہیں۔
بائیڈن انتظامیہ نے امریکی شہریوں کو صلاح دی ہے کہ وہ ہندوستان کے مرکز کے زیر انتظام صوبے جموں و کشمیر کا سفر نہ کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے جمعہ کو جاری کردہ ایک نئی ٹریول ایڈوائزری میں ہندوستان کی ٹریول ایڈوائزری کی سطح کو کم کر کے دو کر دیا ہے۔ سفری مشاورت کے پیمانے ایک سے چار تک ہوتے ہیں۔
چار اعلیٰ ترین سطح ہوتی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک روز قبل ایک الگ ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں پاکستان کو تیسرے درجے پر رکھا گیا تھا اور اپنے شہریوں سے دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کی وجہ سے بدامن صوبوں کے سفر پر نظر ثانی کرنے کے لئے کہا تھا۔ ہندوستان کے بارے میں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ وہاں جرائم اور دہشت گردی کے پیش نظر زیادہ محتاط رہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور شہری بدامنی کی وجہ سے (مشرقی لداخ کے علاقے اور اس کے دارالحکومت لیہ کو چھوڑ کر) مرکز کے زیر انتظام صوبے جموں اور کشمیر کا سفر نہ کریں۔
ریپ کو بھارت میں تیزی سے بڑھتے ہوئے جرائم میں سے ایک بتایا گیا ہے۔ سیاحتی مقامات اور دیگر مقامات پر جنسی زیادتی جیسے پرتشدد جرائم کی اطلاع ملی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد بغیر وارننگ کے حملے کر سکتے ہیں۔ سیاحتی مقامات، ٹرانسپورٹ مراکز، بازاروں/شاپنگ مالز اور سرکاری مراکز کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
