سرینگر،08اکتوبر:
نجی اسکولوں کا فیس مقرر کرنے والی با اختیار کمیٹی نے جموں وکشمیر کے دونوں صوبوں میں نجی اسکولوں کے لیے ٹرانسپورٹ فیس میں 14 فیصد اضافے کو منظوری دی ہے اور یہ فیس امسال مارچ سے نافذ العمل ہوگا۔ کمیٹی کے مطابق ’’متعلقین کی طرف سے فراہم کردہ معلومات، شہری اور دیہی علاقوں میں وصول کی جانے والی ٹرانسپورٹ فیس کے درمیان تفاوت ظاہر کرتی ہے۔‘‘
فیس مقرر کرنے والی کمیٹی کی جانب سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ’’شہری اور دیہی علاقوں میں اسکولوں کے ڈارئیوروں اور ہیلپرس کی تنخواہوں میں فرق ہے۔ چونکہ زیادہ تر اشیاء اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات تقریبا تمام اسکولوں میں یکساں ہیں اس لیے ان کے لیے ایک ہی درجہ ہونا چائیے۔‘‘
حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سرمائی زون کے اسکول بس فیس میں اکتوبر 2019سے 14 فیصد اضافے کے حقدار ہوں گے جبکہ گرمائی زون کے نجی اسکول فروری 2020 میں وصول کئے جانے والے بس فیس میں 14 فیصد کے حقدار ہوں گے۔