پانپور/12؍اکتوبر:
اعجاز احمد بٹ نے آج جموںوکشمیر اَنٹرپرینیور شپ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ ( جے کے اِی ڈی آئی ) کے ڈائریکٹر کا چارج سنبھالا۔
ڈائریکٹر نے چارج سنبھالنے کے بعد اِدارے کے سینئر اَفسران کے ساتھ تعارفی میٹنگ منعقد کی اور اِس کے کام کاج کا مجموعی جائزہ لیا۔
دوران میٹنگ ڈائریکٹر نے اَفسران سے کہا کہ وہ اَپنے آپ کو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وقف کریں تاکہ جموںوکشمیر میں ایک مضبوط سٹارٹ اَپ ماحولیاتی نظام قائم کیا جاسکے ۔اُنہوں نے اَفسران سے مزید کہا کہ وہ سکل ڈیولپمنٹ ، سیلف ایمپلائمنٹ پہل او رنوجوانوں کی شمولیت کے ماڈلوں کو مشن موڈ میں عملانے کے لئے پوری وابستگی اور لگن کے ساتھ کام کریں جیسا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی قیادت میں حکومت جموںوکشمیر نے تصور کیا ہے۔
ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ جے کے اِی ڈی آئی کا جموںوکشمیر یوٹی میں نوجوانوں پر مبنی اقدامات کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ہے ۔اُنہوں نے نوجوانوں کو یقین دِلایا کہ تمام مسائل کو ترجیح دی جائے گی اور ان کا ازالہ کیا جائے گا اور نوجوانوں کو مختلف سرکاری سکیموں اور اقدامات کے فوائد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کریں گے۔
اِس موقعہ پر اِنسٹی چیوٹ کے عملے نے اِنسٹی چیوٹ کے مشن کو آگے بڑھانے میں بھرپور تعاون کا یقین دِلایا۔
