نئی دہلی، 24 اکتوبر:
کرگل میں جوانوں کے ساتھ دیوالی منانے پہنچے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی جنگ کو پہلےمتبادل کے طور پر نہیں دیکھا، چاہے وہ لنکا کی جنگ ہو یا کروکشیترمیں۔ ہم نے اسے ملتوی کرنے کی آخری کوشش کی۔ ہم جنگ کے خلاف ہیں لیکن طاقت کے بغیر امن نہیں ہو سکتا۔ اگر کوئی ہمیںبری نظر سے دیکھنے کی حماقت کرے گاتو ہماری مسلح افواج منہ توڑ جواب دیں گی۔
پاکستان کی سرحد پر چوتھی بار دیوالی منانے کے لیے پیر کی صبح کرگل پہنچے وزیراعظم نے وندے ماترم کہہ کر جوانوں میں جوش بھرا۔ جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دیوالی کا مطلب ہے ‘دہشت گردی کے خاتمے کا تہوار’ اور کرگل نے اسے ممکن بنایا۔ پاکستان کے ساتھ ہر جنگ میں کرگل نے فتح کا جھنڈا بلند کیا ہے۔ یوکرین کی جنگ کے دوران ہمارا قومی پرچم وہاں پھنسے ہمارے شہریوں کے لیے ڈھال بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہندوستان کیقدر میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ اس لیے ہو رہا ہے کہ بھارت کامیابی کے ساتھ اپنے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خلاف کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے جوانوں سے کہا کہ جس طرح آپ تمام سرحدوں پر ہماری حفاظت کر رہے ہیں، اسی طرح ہم ملک کے اندر دہشت گردی، نکسل ازم اور بدعنوانی جیسی برائیوں سے لڑنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ نکسل ازم نے ملک کے ایک بڑے حصے کو اپنی زد میں لے لیا تھا لیکن آج یہ تیزی سے کم ہو رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مسلح افواج ہماری سرحد کی حفاظت کر رہی ہیں، جس سے ہندوستان کا ہر شہری سکون کی نیند سوتا ہے۔ میں ہندوستان کی مسلح افواج کے جذبے کو سلام کرتا ہوں، کیونکہ آپ کی قربانی نے ہمیشہ ہمارے ملک کو فخرکرنے کا موقع دیا ہے۔
کرگل میں مسلح افواج کے اہلکاروں کے ساتھ بات چیت میں، وزیراعظم نے کہا کہ میرے لیے آپ سبھی برسوں سے میرا خاندان رہے ہیں اور آپ سب کے درمیان دیوالی منانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ کرگل میں ہماری فوج نے دہشت گردی کو کچلنے کا کام کیا ہے جس کی وجہ سے آج ملک دیوالی جیسا تہوار اچین کے ساتھ مناپا رہا ہے۔ کرگل کی اس فاتح سرزمین سے میں ہم وطنوں اور دنیا کو دیوالی کی بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں ان تینوں مسلح افواج کی ستائش کرتا ہوں جنہوں نےطے کیا ہے کہ 400 سے زائد قسم کے دفاعی آلات درآمد نہیں کیے جائیں گے بلکہ ہندوستان میں بنائے جائیں گے۔ جب ہمارے جوان ہندوستان میں بنے ہتھیاروں سے لڑیں گے تو دشمن کو شکست دینے میں فخر محسوس کریں گے۔ ہم سرحدی علاقوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے رابطے کے ساتھ ہائی ٹیک انفراسٹرکچر تیار کر رہے ہیں۔ خواتین افسران کو شامل کرنے سے ہماری طاقت میں اضافہ ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی 9ویں بار فوجیوں کے ساتھ دیوالی منا رہے ہیں۔ گزشتہ سال انہوں نے پاکستانی سرحد پر نوشہرہ سیکٹر کے پیشگی علاقے میں فوجیوں کے ساتھ دیوالی منائی تھی۔
