سری نگر،26 اکتوبر:
خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مغربی ہوائیں داخل ہو رہی ہیں جو ماہ نومبر کے پہلے دس دنوں کے دوران موسم پر اثر انداز ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ان مغربی ہواؤں کے زیر اثر وادی کشمیر میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں یا برف باری ہونے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر وادی میں 30 اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا ہی امکان ہے۔
ادھر وادی میں بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے ریکارڈ ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت4.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت0.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا وج معمول سے0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
دریں اثنا وادی میں بدھ کو صبح سے ہی موسم خشک رہا اور موسم خزاں کی ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔