اننت ناگ/26؍اکتوبر:
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج اننت ناگ کے ویسو ۔ نیِ پورہ میں اِنڈین آئیل کارپوریشن لمٹیڈ کے ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے نئے ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کے شروع ہونے پر اِنڈین آئیل کارپوریشن ، جہلم آئیل ایجنسی اور علاقے کے لوگوں کو مبارک باد دیتے کہا کہ پلانٹ میں یومیہ 3,240 سلنڈر فراہم کرنے کی صلاحیت ہے اور یہ سرمائی موسم میں رسوئی گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اُجولا یوجنا جیسی سماجی سکیموں نے خواتین کی زندگی میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لائی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں بنیادی سہولیات جیسے ہائوسنگ ، بجلی ، پانی ، بیت الخلاء ، سڑکیں ،ہسپتال اور سکولی مسائل کو کو حل کیا گیا ہے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک نئے خود اعتمادی سے شاندار مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی رہنمائی میں سماجی تحفظ اور فلاحی سکیموں کی صدفیصد اہداف نے غریبوں ، کسانوں اور سماج کے محروم طبقے کے معیار ِ زندگی کو بہتر بنایا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اُجولا یوجنا 1.0 کے تحت ملک بھر میں کل 8کروڑ غریب ، محروم ، پسماندہ ، قبائلی کنبوں کو رسوئی گیس کنکشن دئیے گئے جبکہ اُجولا یوجنا 2.0 کا مقصد ایک کروڑ کم آمدنی ولاے گھرانوں کو رسوئی گیس کنکشن فراہم کرنا ہے جو پہلے اِس مرحلہ کے تحت نہیں آسکتے تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر میں تقریباً 12.41 لاکھ گھرانوں کو اُجولا 1.0 کے تحت رسوئی گیس کنکشن فراہم کئے گئے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ اِس کا فائدہ کم آمدنی والے گھرانوں تک پہنچایا جائے۔اُنہوں نے اَفسران اور شراکت داروں سے مزید کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی اہل فائدہ اُٹھانے والا اُجولا یوجنا کے تحت محروم نہ رہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بیک ٹو وِلیج چوتھے پروگرام کے دوران پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ کے تحت تمام خدمات کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پروگرام کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور ریاستی سربراہ اِنڈین آئیل کارپوریشن لمیٹیڈ ( آئی او سی ایل ) شری جتندر کمار نے اَپنے اِستقبالیہ خطاب میں اِس دِن کو آئی او سی ایل کے لئے ایک اہم موقعہ قرار دیا اور لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت جموںوکشمیر یوٹی حکومت کے تعاون کے لئے اُن کا شکریہ اَدا کیا۔
اُنہوں نے صوبہ جموں میں سی این جی اِنفراسٹرکچر کی تنصیب اور یوٹی میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی دستیابی کے بارے میں بتایا ۔ اُنہوں نے آئی او سی ایل کے 2,046 تک کار بن نیوٹرل بننے کے وژن کا اِشتراک کیا۔نیا ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ پانچ ایکڑ اَراضی پر قائم کیا گیا ہے جس کی سالانہ گنجائش 12,000 ایم ٹی ہے اور یومیہ 10ایل پی جی ٹرک بھیجنے کی صلاحیت ہے یعنی 3,240سلنڈر فی دِن اور 500 سے زیادہ بھرے ہوئے سلنڈروں کو ذخیرہ کرسکتے ہیں ۔ اِنڈین آئیل کے علاوہ بی پی سی ایل اور ایچ پی سی ایل کے ڈسٹری بیوٹروں کو بھی پلانٹ کے ذریعے مسلسل سپلائی کی جائے گی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے دیگر معززین کے ساتھ ایک پودا بھی لگایا۔صارفین میں کمپوزٹ گیس سلنڈر بھی تقسیم کئے گئے۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، اے ڈی جی پی کشمری وِجے کمار، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ بشارت قیوم ، آئی او سی ایل ، سول ایڈمنسٹریشن اور محکمہ پولیس کے سینئر اَفسران ، ایل پی جی دسٹری بیوٹروں کے علاوہ دیگر شراکت داروں اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
