سرینگر، 31 اکتوبر:
جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہا لیکن درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ رونما ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیر کے روز جموں و کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بارش یا برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ آج رات سے جموں و کشمیر کے میدانی اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش،برفباری کا امکان ہے جبکہ جموں کے میدانی علاقوں میں بارش کا امکان کم ہے۔ دو نومبر تا چار نومبر تک، جزوی سے عام طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے اور الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش، برفباری کا امکان ہے جبکہ پانچ نومبر تا آٹھ نومبر تک بھاری برفباری کی کوئی پیشین گوئی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ مدت کے دوران دن کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔
برف باری اور کم درجہ حرارت کی وجہ سے سطحی نقل و حمل میں عارضی خلل پڑ سکتا ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ درختوں کی ضروری کٹائی کے لیے جائیں اور بارش کے دوران باغات سے اضافی پانی نکال دیں۔ اس دوران سری نگر میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 3.9 ڈگری سیلسیس، پہلگام میں 1.1 ڈگری اور گلمرگ میں 2.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ کے دراس شہر میں مائنس 1.9 ڈگری سیلسیس ، کارگل میں 3 اور لیہہ میں مائنس 2.6 ڈگری سیسلیس درج کیا گیا۔ جب کہ جموں میں 16.8 ڈگری سیلسیس، کٹرہ میں 14.2، بٹوت میں 8.1، بانہال میں 4 اور بھدرواہ میں 5.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔