سرینگر، 31 اکتوبر:
جموں و کشمیر پولیس نے آرایس پورہ سیکٹر میں باسپور بنگلہ میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ ڈرون کے ذریعے گرائے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی ایک کھیپ برآمد کی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ڈرون کے ذریعے ہتھیاروں کی یہ کھیپ 27 اور 28 اکتوبر کی درمیانی رات کو سرحد پار سے باسپور بنگلہ میں گرائی گئی۔
پولیس نے ڈرون گرنے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور آخر کار ڈوڈہ کے چندر بوس اور کیمپ گول گجرال کے شمشیر سنگھ سمیت دو مشتبہ افراد کو پکڑ لیا۔ دونوں جموں کے بلوندر سنگھ کے رابطے میں تھے جو اب یورپ میں آباد ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ تمام افراد ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم کے لیے کام کر رہے تھے۔ انہوں نے ڈرون کے ذریعے گرائی گئی کھیپ اٹھا لی تھی۔ ان کے قبضے سے چار پستول، آٹھ میگزین اور 47 راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں۔
اس سال جموں پولیس کی طرف سے ڈرون کی کھیپ کا یہ چوتھا ذخیرہ ہے۔ملزمان کے خلاف آر ایس پورہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے تحت مقدمہ نمبر 196/2022 کے تحت غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ کی دفعہ 13، 16 اور 18 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ بلویندر سنگھ یورپ میں بیٹھ کر ہندوستان میں ملزمان کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ہینڈلرز کے ساتھ رابطہ کر رہا تھا۔
