سرینگر/31 اکتوبر :
سابق سپرانٹنڈنٹ انجینئر اور ترہگام کپواڑہ کے ممتاز سماجی کارکن عبد الرشید لون نے آج پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی۔ پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے پارٹی میں ان کا والہانہ استقبال کیا۔ عبدالرشید لون سینک اسکول نگروٹہ اور آر ای سی، سری نگر ( این آئی ٹی) کے طالب علم رہ چکے ہیں ۔ انہوں نے جموں و کشمیر حکومت میں بحیثیت انجینئراپنی خدمات انجام دی ہیں ۔۔ وہ بعد میں سپرانٹنڈنٹ انجینئر رہ چکے ہیں۔
پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو عوامی سطح پر ان کےوسیع تجربے سے کافی فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں تبدیلی کےاس عظیم کارواں میں عبدالرشید لون کو تہہ دل سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ عبدالرشید لون اپنے آبائی ضلع کپواڑہ میں ہمیشہ اپنے اسلاف سے جڑے رہے ہیں اور ایک سرگرم و ممتاز سماجی کارکن کی حیثیت سے عوام میں مقبول رہے ہیں۔ عبدالرشید لون جیسے پڑھے لکھے اور تجربہ کار لوگ جموں و کشمیر کے عوام کیلئے بہتر رہنما بننے کے علاوہ تبدیلی کے ہمارے خواب کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔
اس موقع پر عبدالرشید لون نے پیپلز کانفرنس میں شمولیت پر اپنی بے پناہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی صدر کی عوام کے تئیں خلوص، خدمت اور قربانی کی تاریخ نے انہیں پیپلز کانفرنس میں شامل ہونے پر ایک تحریک دی۔۔۔ انہوں نے پارٹی کے مشن اور ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں حتی المقدور اور پارٹی کے آیئن کے تحت اور دائرہ کار میں کام کر کے مجموعی تبدیلی میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کروں گا ۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پارٹی کی قیادت کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کروں گا کہ جموں و کشمیر میں پپلز کانفرنس سیاسی طور ایک مضبوط جماعت کے ابھر کر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرے ۔