سری نگر ،یکم نومبر:
جنوبی کشمیر کے سم تھن بجبہاڑہ اور کھانڈے پورہ اونتی پورہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم جاری ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سم تھن بجبہاڑہ تصادم میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ جنوبی کشمیر کے سم تھن بجبہاڑہ علاقے میں چھپے بیٹے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی۔ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کرجنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔ چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی آس پاس علاقوں کے لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد علاقے میں خاموشی چھا گئی ہے جس کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک کو طلب کرکے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورے گاوں کو پانچ دائروں والی سیکورٹی سے لیس کیا گیا تاکہ ملی ٹینٹوں کو کسی بھی صورت میں فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔ اُن کے مطابق علاقے میں موجودجنگجووں کو خود سپردگی کرنے کے بارے میں بھی بار بار اپیل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تصادم کی جگہ اردگرد رہائشی پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کرنے کی کارروائی جاری ہے اور جوں ہی یہ سلسلہ ختم ہوگا تو ملی ٹینٹوں کے خلاف جوابی کارروائی شروع کی جائے گی۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں مکمل خاموشی چھائی ہوئی تھی جبکہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مزید کئی علاقوں کو بھی محاصرے میں لے لیا۔ذرائع نے بتایا کہ تصادم کے دوران ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ۔
