سری نگر ،12/نومبر:
جنوبی ضلع اننت ناگ کے رکھ مومن گاوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ سے دو غیر مقامی مزدور زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر بندوق برداروں کی تلاش شروع کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کی شام کو اننت ناگ کے رکھ مومن گاوں میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب مشتبہ ملی ٹینٹوں نے دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں خون میں لت پت ہوئے۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد دونوں کو ضلع ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
