نئی دہلی،14نومبر:
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے قوم کو یقین دلایا ہے کہ مسلح افواج ہندوستان پر بری نظر ڈالنے والے کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے پوری طرح سے مسلح اور تیار ہیں۔ جھجر ہریانہ میں تیرہ نومبر 2022 کو ایک پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے زور دے کر کہا کہ قومی مفادات کا تحفظ وزیرا عظم جناب نریندر مودی کی حکومت کی توجہ کا خاص معاملہ ہے اور مستقبل کی آزمائشوں سے نمٹنے کے لئے ہندوستانی فوج جدید ترین اور اندرون ملک تیار اسلحوں سے پوری طرح سے لیس ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اب کمزور نہیں رہا،ہم امن میں یقین رکھتے ہیں لیکن اگر کسی نے ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ہم اس کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ ہمارے سپاہیوں نے ہمیشہ یہ بات ثابت کی ہے۔ 2016 کی سرجیکل اسٹرائیک 2019 کی بالا کوٹ ائر اسٹرائک اور گلوان وادی کے واقعات ہماری فوج کی طاقت اور مستعدی کی نظیر ہیں۔
وزیر دفاع نے عالمی سطح پر ہندوستان کی محض ایک مشاہد ملک کی حیثیت کو پرزور نوعیت والا ملک بنانے کے لئے وزیر اعظم کی ستائش کی اور کہا کہ اب پوری دنیا ہندوستان کی حکومت کی باتوں کو اہمیت دیتی ہے۔ اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ اب ہندوستانی حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں دنیا کی پانچ سب سے بڑی معیشتوں والے ملکوں میں سے ایک ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں ہمارا ملک دنیا کے تین سب سے مضبوط معیشت والے ملکوں میں سے ایک بنے گا۔راج ناتھ سنگھ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت نیتا جی سبھاش چندر بوس، مہاراجہ پرتھوی راج چوہان اور مراٹھا سورما چھترپتی شیواجی جیسے انقلابیوں سے تحریک حاصل کی ہے اور اب اس بات کے لئے کوشاں ہے کہ ہندوستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے ملک کی امنگوں کو پورا کیا جائے۔ انھوں نے امرت کال کے پنچ پرن کا ذکر کیا جس کا اس سال لال قلعے کی فصیل سے یوم آزادی کی اپنی تقریر کے دوران وزیر اعظم نے نئے بھارت کے لئے ویڑن پیش کیا تھا۔وزیر دفاع نے کہا کہ نوآبادیاتی ذہنیت بدلنے کے لئے حکومت نے بہت سے اقدامات کئے ہیں جن میں راج پتھ کا نام بدل کر کرتویہ پتھ کرنا، انڈیا گیٹ کے احاظے میں نیتا جی سبھاش چندر بوس کا ایک بڑا مجسمہ نصب کرنا، چھترپتی شیواجی سے ترغیب لے کر ہندوستانی بحری فوج کا نیا نشان وضع کرنا اور برطانوی دور کے ڈیڑ ھ ہزار کے قریب فرسودہ قوانین کی منسوخی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے 2023 میں ہندوستان کی گروپ 20 کی سربراہی کے لوگو میں کمل کے پھول کی موجودگی پر بعض حلقوں سے کی جانے والی نکتہ چینی کو خارج کیا، جو حال ہی میں وزیر اعظم نے جاری کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کمل کا پھول قومی پھول ہے اور دہندوستان کی ثقافتی شناخت سے جڑا ہوا ہے۔
اس پروگرام میں رکشا منتری نے جھجر میں پرتھوی راج چوہان کے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور انھیں ایک عظیم حکمراں قرار دیا جس نے نہ صرف یہ کہ ایک بہت بڑے علاقے پر راج کیا بلکہ وہ بہادری ،انصاف اور عوام کی بہبود کی علامت تھے۔ ہریانہ کے وزیر اعلیی جناب منوہر لال بھی اس موقع پر موجود اکابرین میں شامل تھے۔
