جموں، 14 نومبر :
جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں اتوار کی رات سے بارش شروع ہوئی جو پیر کو بھی جاری ہے۔ دوسری جانب جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی برف باری ہوئی ہے۔ پیر کو بھی آسمان پر گھنے بادلوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسی صورتحال میں دھوپ نکلنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اگر ایسے حالات برقرار رہے تو جموں و کشمیر نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پورے جموں و کشمیر میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی ہے۔ جموں و کشمیر دونوں ڈویژنوں کے بیشتر علاقوں میں آدھی رات سے بارش جاری ہے۔ کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کشمیر کے بالائی علاقوں گلمرگ، پہلگام وغیرہ میں شدید برف باری ہوئی ہے۔ یہ سلسلہ پیر کو بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔
ابھی تک جموں سری نگر قومی شاہراہ پر موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ٹریفک میں کوئی خلل نہیں پڑا ہے لیکن اگر موسم کچھ گھنٹوں تک ایسا ہہ جاری رہا تو ہائی وے پر کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔ اس لیے وادی کشمیر کی طرف جانے سے پہلے اور وادی سے جموں کی طرف نکلنے سے پہلے قومی شاہراہ کی حالت کی خبر لینا ضروری ہے۔اس کے ساتھ ہی اگر برف باری کا سلسلہ جاری رہا تو ایک بار پھر مغل روڈ بند ہو سکتی ہے۔ مغل روڈ پر برف باری کے بعد بہت پھسلن ہو جاتی ہے جس سے یہ سڑک خطرناک ہو جاتی ہے۔ اس لیے انتظامیہ اس سڑک پر برف جمع ہوتے ہی ٹریفک کو روک دیتی ہے۔
