نئی دہلی، 26 نومبر:
ہندوستان کی تاریخ کو ‘بہادری، استقامت، ایثار، قربانی اور فتح’ سے عبارت بتاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک آزادی کے امرت کال میں غلام بنانے والے غیر ملکیوں کے ایجنڈے کو ہٹا کر حقیقی تاریخ رقم کررہا ہے۔
مسٹرمودی نے یہ بات وگیان بھون میں آسام کے چھترپتی شیواجی ویر لچت بورفوکن کے 400ویں یوم پیدائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آسام کے گورنر جگدیش مکھی، وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما، مرکزی وزیر سربانند سونووال، آسام قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر بسواجیت، سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس رنجن گوگوئی، تپن کمار گوگوئی، آسام حکومت کے وزیر پیجوش ہزاریکا، ممبران پارلیمنٹ اورملک وبیرون ملک میں آسامی ثقافت سے تعلق رکھنے والے معززین پروگرام میں موجود تھے۔
مسٹر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کل پورے ملک میں ویر لچت بورفوکن کی 400ویں جینتی منائی گئی۔ ویر لچت کا 400 واں یوم پیدائش منانے کی خوش قسمتی اس مدت میں ملی ہے جب ملک اپنی آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے۔ یہ تاریخی موقع آسام کی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور ہندوستانی ثقافت کو دیو رکشت قراردیتے ہوئےآج کہا کہ جب بھی اس سرزمین پرکوئی چیلنج آتا ہے تو ہماری روحانی اور ثقافتی شناخت کو بچانے کے لیے ہر دور میں سنت مہاتما کا ظہورہوتا ہے اور تلواریں لے کر آنے والے حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے کے لئے بہادر جنم لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک غلامی کی ذہنیت چھوڑ کر اپنے ورثے پر فخر کر رہا ہے۔ آج ہندوستان نہ صرف اپنے ثقافتی تنوع کا جشن منا رہا ہے بلکہ اپنی ثقافت کے تاریخی مرد وخواتین کو بھی فخر سے یاد کر رہا ہے۔ لچت بورفوکن جیسی عظیم ہستیاں، مادر ہند کی لافانی اولاد، اس امرت کال کے عزائم کو پوراکرنے کے لئے ہماری مستقل تحریک ہیں۔ ان کی زندگی سے ہمیں اپنی شناخت، اپنی عزت نفس کا احساس بھی ہوتا ہے اور اس قوم کے لیے خود کو وقف کرنے کی توانائی بھی ملتی ہے۔
