نئی دہلی، 13 دسمبر:
کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے منگل کو راجیہ سبھا سے واک آؤٹ کیا جب وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو توانگ سیکٹر میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان تصادم پر اپنے بیان کی وضاحت کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
کانگریس ارکان نے کہا کہ اب ایوان میں بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں ہے کیونکہ وضاحت نہیں دی گئی۔ کانگریس کے ساتھ سی پی آئی (ایم)، سی پی آئی، شیوسینا، آر جے ڈی، ایس پی اور جے ایم ایم نے بھی ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
راجیہ سبھا میں ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے وضاحت کے معاملے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ بہت حساس ہے اور اس طرح کے حساس معاملات میں وضاحت دینے کی کوئی روایت نہیں ہے۔
ہری ونش کے بیان کے بعد بھی اپوزیشن اس معاملے پر بات کرنا چاہتی تھی لیکن حکومت نے اس کی اجازت نہیں دی۔
راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے صحافیوں کو بتایا کہ چین ہندوستان میں گھس رہا ہے اور حکومت بحث کے لیے تیار نہیں ہے۔ وزیردفاع کا بغیر کسی وضاحت کے ایوان سے باہرچلے جانا ملک کے لیے ٹھیک نہیں۔ ایسے میں اپوزیشن کا ایوان میں بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔
ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس پارٹی ملک کی فوج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 9 دسمبر کو چین کے ساتھ اروناچل سرحد کے توانگ سیکٹر میں ہندوستان اور چین کی سرحد کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔
