سرینگر /10فروری :
شمالی ضلع بانڈی پورہ کے گریز علاقے میں برفانی تودہ گرنے کے بعد ایک خاتون اور ایک لڑکی کو زندہ بچا لیا گیا۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں جاری خراب موسمی صورتحال کے چلتے گریز کے تلیل علاقے میں ایک مرتبہ پھر برفانی تودہ گر آیا ۔
عین شاہدین کے مطابق کہ گریز کے تلیل علاقے کے مزگنڈ بالا کے قریب صبح ایک برفانی تودہ گرا جس دوران ایک بچی تبسم بانو دختر محمد یوسف اور ایک خاتون شہناز بیگم زوجہ ظہورو احمد کو برفانی تودے کی زد میں آکر اس کے نیچے دب گئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ فوری طور پر مقامی لوگوں نے بچائو آپریشن شروع کیا اور سخت کوششوں کے بعد دونوں کو زندہ بچا لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ برفانی تودے کے شکار علاقوں کے قریب نہ جائیں۔
پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کی صبح علاقے میں برفانی تودہ گر آیا جس کے بعد علاقے میں بچائو آپریشن شروع کیا گیا ۔ انہوںنے بتایا کہ برفانی تودہ کی زد میں آنے کے بعد ایک خاتون اور دوشیزہ اس کے نیچے دب گئے جس کے بعد ان کو زندہ وہاں سے بچا لیا گیا ۔ ادھر حکام نے بتایا کہ وادی گریز نے ماضی قریب میں کئی برفانی تودے دیکھے ہیں اور خوش قسمتی سے ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں گلمرگ کے دنیا کے مشہور اسکینگ ریزورٹ میں برفانی تودے کی زد میں آکر دو پولش اسکائیرز ہلاک اور دو مقامی گائیڈ کے علاوہ 19 دیگر غیر ملکیوں کو بچا لیا گیا۔جنوری اور فروری کے دوران وادی کے اونچے علاقوں میں برفانی تودے اکثر ہوتے رہتے ہیں، خاص طور پر تازہ برف باری کے بعدان واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
