جموں/16؍فروری:
حکومت جموںوکشمیر نے اِنتظامیہ کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کی اَپنی کوششوں میں آج دو اَفسران کی قبل اَز وقت ریٹائرمنٹ کا حکم دیا جن میں سے ایک کا تعلق محکمہ جیلخانہ جات اوردوسرا محکمہ ٹرانسپورٹ سے ہے ۔
اِن اَفسران نے اَپنے فرائض ایسے طریقے سے اَنجام دئیے جو سرکاری ملازمین کے لئے ناگوار اور ضابطہ اَخلاق کی خلاف ورزی کرتے تھے۔
یہ مشق ان ملازمین کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے باقاعدہ عمل کے طور پر کی گئی تھی جو جموںوکشمیر سی ایس آرز کے آرٹیکل 226(2) کے لحاظ سے عمر اور سروس کی مدت کو عبور کرتے ہیں۔
اِن ریٹائر ہونے والوں میں سے محکمہ جیلخانہ جات سے تعلق رکھنے والا آفیسر اَپنے سروس کیرئیر کے دوران فرائض کی اَنجام دہی کے دوران غلط کاموں میں ملوث پا یا گیا اور اِس کے علاوہ دیانت داری پر شکوک و شبہات کے ساتھ فرائض کی اَنجام دہی میں غیر مؤثر رہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ سے تعلق رکھنے والا دوسرا آفیسر غیر متناسب اثاثہ جات کے حصول کے لئے سنگین فوجداری مقدمے میں ملوث پایا گیا او روہ اَپنے سروس کیریئر کے دوران غیر مؤثر کار کردگی کا شکا رتھا۔
ان ملازمین کی کارکردگی جائزہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق غیر تسلی بخش پائی گئی اور سرکاری ملازمت میں ان کا مستقل رہنا مفاد عامہ کے خلاف پا یا گیا۔
ماضی قریب میں رشوت کے خلاف اَپنی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مختلف ملازمین کو ان کے خلاف محکمانہ کارروائیوں پر سختی سے عمل کرتے ہوئے سرکاری بدا ِنتظامی کی بنا پر ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے ۔جموںوکشمیر سی ایس آرز کے آرٹیکل 226(2) کے تحت مقدمات پر غور کرنے کے لئے تشکیل دی گئی بااِختیار کمیٹیوں کے ساتھ بہت سے معاملات کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے ۔ مزید یہ کہ کئی ملازمین کو ملک دشمن سرگرمیوں کی وجہ سے ملازمت سے برطرف بھی کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، حکومت نے جموںوکشمیر میں اَپنے ملازمین کے اِنسانی وسائل کی ترقی کے لئے متعدد اقدامات بھی شروع کئے ہیں جن میں اہل ملازمین کی بروقت پروموشن شامل ہے جس سے کیرئیر میں آسانی سے ترقی ہو ۔اِس کے علاوہ ریکروٹنگ ایجنسیوں کے ذریعے بھرتی عمل کو تیز کیا گیا اور نان گزیٹیڈ اسامیوں کے لئے جوکہ سروس سلیکشن بورڈ کو بھیجی جاتی ہیں کے اِنٹرویو کو ختم کیا گیاہے۔ حکومت بھرتی ایجنسیوں کو اَسامیوں کو ادارہ جاتی بنانے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ ہر برس ماہ اپریل میں متعین کیلنڈر کے مطابق بھرتیاں شروع ہوں۔
