سری نگر:4مارچ:
ماہ دسمبر2022میں ہوئی سرمائی تعطیلات کے بعد حال ہی کھل چکے اسکولوںمیں ہفتہ کے روز خاصارش دکھائی دیا،کیونکہ جموں وکشمیرمیں یکساں تعلیمی اور امتحانی سیشن لاگو ہونے کے بعد اول سے نویں جماعت تک زیرتعلیم لاکھوں طلباءوطالبات T2یعنی اپنے سالانہ امتحانات دینے کیلئے متعلقہ اسکولوںمیں پوری تیاریوں کیساتھ پہنچے ۔اسکول منتظمین نے مختلف کلاسوںمیں زیرتعلیم طلباءوطالبات کے امتحانات لینے کی ذمہ داری الگ الگ ٹیچروںکوتفویض کردی تھی ۔
جے کے این ایس کے مطابق ہفتہ کی صبح جب پرائمری سے اسکنڈری سطح تک کے طلباءاور طالبات اپنے اپنے اسکول پہنچے تواُن کے ہاتھوںمیں Clip-Boardاور قلم وپینسل تھے جبکہ طلبہ نے اپنا اپنا رول نمبر سلپ بھی ساتھ رکھاتھا۔خیال رہے یہ دہائیوں بعد پہلا موقع تھا ،جب کشمیروادی اور جموں صوبہ کے سرمائی زون والے علاقوںمیں طلباءاور طالبات کے سالانہ امتحانات مارچ کے مہینے میں منعقد کئے جبکہ اسے پہلے اسکولی سطح کے سبھی امتحانات اکتوبر اورنومبر کے مہینوںمیں لئے جاتے تھے ۔
سالانہ امتحانات دینے کیلئے اسکول پہنچنے والے طلبہ کوپہلے دن اپناامتحانی ہال یاکلاس روم ڈھونڈنے میں مشکل پیش آئی ،اوراس دوران اسکولوںکاتدریسی وغیرتدریسی عملہ طلباءوطالبات کی رہنمائی کرتانظرآیا۔موسم قدرے بہتر ہونے اور درجہ حرارت ٹھیک ہونے کے باعث نچلے اور میدانی علاقوںمیں امتحانات دینے والے طلباءوطالبات اور امتحانات لینے والے ٹیچروںکوکوئی خاص مشکل پیش نہیں آئی ،تاہم پہاڑی اور دورافتادہ علاقوں کے طلباءوطالبات کواسکولوں تک پہنچنے میں برف جمع ہونے کی وجہ سے مشکل پیش آئی ۔
معلوم ہواکہ اسکول منتظمین نے سبھی جماعتوںمیں زیرتعلیم طلباءاور طالبات کیلئے باضابطہ طور پرسوالنامے تیار کئے تھے اور طلبہ کوجوابات لکھنے کیلئے جوابی پرچے Answer-Sheetبھی فراہم کئے گئے ۔سری نگر کے بغیر باقی بیشتر علاقوںمیں طلبہ کے سالانہ امتحانات صبح دس سے ساڑھے دس کے درمیان شروع ہوکر ایک بجے تک جاری رہے ۔اس دوران طلباءاور طالبات کومختلف مضامین کے سوالات کا جواب لکھتے دیکھاگیا،اور نوعمر وبالغ طلبہ کی طرح ہی چھوٹے بچوں بچیوںنے بھی نظم وضبط کیساتھ امتحانی عمل میں حصہ لیا۔
خیال رہے محکمہ اسکولی تعلیم نے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوںکے ذمہ داروں اور منتظمین کوہدایت دی ہے کہ اول سے نویں جماعت تک کے ٹی2یعنی سالانہ امتحانات رواں ماہ یعنی مارچ کی20تاریخ تک مکمل کئے جائیں تاکہ ماہ اپریل کے پہلے ہفتے سے نئے تعلیمی سیشن کاآغاز کیاجاسکے ۔
