سری نگر،6 مئی:سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ اور شوپیاں میں تین جنگجو معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اونتی پورہ پولیس نے اننت ناگ پولیس، فوج کی 42 آر آر،3 آر آر اور سی آر پی ایف کی 180 بٹالین کی مدد سے جیش سے وابستہ دو جنگجو معاونین کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن انجام دیا گیا جس کے بعد یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت بشیر احمد اور گلزار احمد ساکنان ترال اونتی پورہ کے بطور کی گئی۔ پولیس بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدگان کے انکشاف پر ایک اے کے 56 رائفل،ایک اے کے میگزین، 56 اے کے گولیاں،4 پستول،6 پستول میگزین اور 24 پستول گولیاں بر آمد کی گئیں۔
بیان کے مطابق اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن ترال میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔ پولیس بیان میں مزید کہا گیا: ‘اسلحہ سمیت جنگجو معاونین کی بروقت گرفتاریوں سے اونتی پورہ اور ملحقہ علاقوں میں ملی ٹنٹ حملوں جیسے ٹارگیٹ ہلاکتوں کو ٹالا گیا اور جیش کےغیر قانونی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے نوجواںوں کی بھرتیوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنا دیا گیا’۔
دریں اثنا شوپیاں کے تلرن ناگی شرن گاوں میں 34آر آر، 178بٹالین سی آر پی ایف اور شوپیاں پولیس نے محمد اصغر ڈار ولد محمد امین ساکن ناگی شرن کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے ایک پستول ، ایک میگزین، آٹھ گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
