بارہمولہ،06مئی: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر میں بیک وقت دو دو مقامات پر انکاؤنٹر جاری ہیں۔ راجوری میں جہاں کل سے انکاؤنٹر جاری ہے وہیں بارہمولہ ضلع میں بھی عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم شروع ہو گیا ہے۔ اس انکاؤنٹر میں ایک عسکریت پسند کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے ایک ٹویٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔ بارہمولہ میں عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہوئے انکاؤنٹر میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا ہے۔ علاقے میں سرچ آپرییشن جاری ہے۔
جموں و کشمیر پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بارہمولہ انکاؤنٹر میں مارے گئے عسکریت پسند کی شناخت یارہول بابا پورہ کولگام کے رہائشی عابد وانی ولد محمد رفیق وارنی کے طورپر کی گئی ہے جو کالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھا۔ پولیس نے کہا کہ مارے گئے عسکریت پسند کے قبضے سے ایک اے کے 47 اور دیگر مواد برآمد ہوا ہے-
بارہمولہ میں آج صبح ہوئے انکاؤنٹر کے علاوہ گذشتہ کل جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے کنٹی علاقہ میں بھی فو جی جوانوں اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم شروع ہوئی تھی، جس میں پانچ فوجی جوان ہلاک ہوگئے، جموں و کشمیر میں گذشتہ تین دنوں کے اندر تین انکاؤنٹر ہوچکے ہیں۔
