سری نگر، 7 مئی: انتظامی سکریٹری صحت اور طبی تعلیم محکمہ جموں و کشمیر، بھوپندر کمار نے ہفتہ کو کہا کہ کشمیر طبی سیاحت کے لئے ایک مثالی جگہ ہے اور وہ وقت دور نہیں جب باہر کے مریض طبی علاج کے لئے جلد ہی کشمیر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت مریضوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، "جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے صحت کے شعبے میں گزشتہ چند سالوں سے بڑی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
سرینگر میں جلد ہی 200 بستروں کا ہسپتال شروع کیا جائے گا۔”انہوں نے کہا کہ کشمیر کا دنیا کے دیگر حصوں سے رابطہ بڑھ گیا ہے۔ پروازوں کی تعداد بھی ماضی کے مقابلے میں زیادہ رہی ہے۔ میرے خیال میں کشمیر میڈیکل ٹورازم کے لیے ایک بہترین جگہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے باہر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ماضی قریب میں کشمیر کا دورہ کیا اور صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔ "سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی وجہ سے، سری نگر کے مضافات میں، سیمپورہ میں 150 ایم بی بی ایس پر مشتمل کالج بھی قائم کیا جائے گا۔ حکومت صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرنے والوں کی حمایت اور خیرمقدم کرتی ہے۔ سرمایہ کاروں نے بڑی دلچسپی اور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔اے آئی ایم ایس اونتی پورہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کام پوری رفتار کے ساتھ جاری ہے۔ حکومت نے اگلے سال کی آخری تاریخ مقرر کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم ڈیڈ لائن کو پورا کر لیں گے۔