سری نگر،12 مئی: وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری سے جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ کو جمعے کو چار روز بعد ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بحال کر دیا گیا۔
اس شاہراہ کو پیر کے روز زوجیلا پاس پر کئی برفانی تودے گر آنے کے نتیجے میں بند کر دیا گیا تھا۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ زوجیلا پاس پر 8 مئی کو کئی برفانی تودے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ کو بند کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اب شاہراہ پر چار دنوں کے بعد جمعہ کو ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی ہے
حکام نے لوگوں سے دوران سفر احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔
وادی کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ماہ جنوری سے ٹریفک مسلسل بند ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس روڈ کو ٹریفک کے لئے بحال کرنے کے لئے کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے اور اس کو بھی عنقریب دوبارہ کھولا جائے گا۔
