نئی دلی ۔ 28؍ مئی:
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح پر ہندوستانی عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کی طرف ملک کے سفر کا نقطہ آغاز ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کی صبح یہاں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ بااختیار بنانے، خوابوں کو روشن کرنے اور ان کی حقیقت میں پرورش کا گہوارہ بن جائے گی۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے #MyParliamentMyPride ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کیاکہ پی ایم نریندر مودی جی نے نئی پارلیمنٹ کو قوم کے نام وقف کیا۔
یہ عمارت نہ صرف وہ جگہ ہے جہاں لوگوں کی امنگیں پوری ہوں گی بلکہ یہ امرت کال میں ہر میدان میں بہترین کارکردگی کی طرف ہندوستان کے سفر کے آغاز کا نشان بھی ہے۔ انہوں نے کہا، ”یہ ہندوستانیوں کی آنے والی نسلوں کو ہماری بھرپور ثقافت میں نیکی کی اہمیت کے بارے میں یاد دلاتا رہے گا۔ نئی پارلیمنٹ کی عمارت کے افتتاح پر ہندوستان کے ہر شہری کو مبارکباد دیتے ہوئے، شاہ نے ‘شرم یوگیوں’، اورکارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے ایک نئی پارلیمنٹ کی عمارت کے ملک کے خواب کو ریکارڈ وقت میں پورا کرنے کے لیے محنت کی۔
