سری نگر/جنوبی اور شمالی کشمیر میں جمعے کی شام کو شدید ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعے کی شام کو بانڈی پورہ کے اشٹنگو، آلوسہ ، کہنوسہ اور وار پورہ میں موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی شدید ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ژالہ بار ی اس قدر شدید تھی کہ زمین پر سفید پرت جمع ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ شدید ژالہ باری سے کھڑی فصلوں، میوہ باغات اور سبزی باغوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔سرحدی ضلع کپواڑہ میں بھی ژالہ باری سے میوہ باغات تباہ ہو کررہ گئے۔دریں ثنا جمعہ شام دیر گئے جنوبی کشمیر کے ترال میں ژالہ باری نے کسانوں اور باغ مالکان کو نقصان سے دوچار کیا۔
نامہ نگار نے بتایاکہ ترال کے نارستان، بنگہ ڈار، گترو اورا س کے مضافاتی علاقوں میں شدید ژالہ باری کے باعث کسانوں کی سال بھر کی محنت پر پانی پھیر گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ژالہ باری سے دھان کی فصلوں کو بے تحاشہ نقصان پہنچا اور میوہ جات بشمول سیب، ناشپاتی، خوبانی وغیرہ کے باغوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔
