جموں، 9 جون: یکم جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے لئے جہاں جموں وکشمیر انتظامیہ کی طرف سے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے وہیں یاتری نواس بھگوتی نگر جموں میں بھی تیاریاں شد ومد سے جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یاتری نواس بھگوتی نگر جموں میں یاتریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیاریاں زوروں پر ہیں۔
جہاں یاتری نواس کو رنگ و روغن سے آراستہ و پیراستہ کیا جا رہا ہے وہیں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تاروں وغیرہ کو بھی ٹھیک کرنے کا کام جاری ہے۔
صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے اور دیگر ضروری مرمتی کام وغیرہ بھی انجام دیا جا رہا ہے۔
جموں میونسپل کارپویشن کے میئر راجندر شرما نے میڈیا کو بتایا کہ جموں وکشمیرمہمان نوازی کے لئے مشہور ہے۔
انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو یاترا کے دوران تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ ان کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم یاتریوں کا استقبال کرتے ہیں اور ان کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے کام شد و مد سے جاری ہے۔
جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
چند روز قبل جی بی آر لیفٹیننٹ جنرل راجیو چودری نے بالتل اور چندن واڑی کا دورہ کرکے دونوں یاترا راستوں کا معائنہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سال گذشتہ 3 لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے شری امرناتھ مندر کی یاترا کی جن میں سے 45 فیصد یاتریوں نے بالتل کے راستے سے جبکہ 55 فیصد پہلگام کے راستے سے یاترا کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سال 5 لاکھ یاتریوں کے آنے کی توقع ہے۔
بی آر او حکام کا کہنا ہے کہ پہلگام کی طرف یاترا راستوں کو 15 جون سے قبل ہی مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔