بارہمولہ، 27 جون: بارہمولہ پولیس نے شیری بارہمولہ میں چند روز قبل بر آمد ہونے والے دیوی لکشمی کے مجسمے کو منگل کے روز محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دن پہلے شیری بارہمولہ میں زمین کی کھدائی کے دوران مقامی لوگوں کو دیوی لکشمی کا ایک پرانا مجسمہ ملا جس کے متعلق انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہونے پر ایک پولیس پارٹی جائے موقع پر پہنچی اور مجسمے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
ان کا بیان میں کہنا تھا: ‘آج آرکائیوز، آرکیالوجی اور میوزیم کی ایک ٹیم کو بر آمد شدہ مجسمے کی جانچ کے لئے طلب کیا گیا جنہوں نے مجسمے کا اچھی طرح سے جائزہ لینے کے بعد اس بات کی توثیق کی یہ مجسمہ دیوی لکشمی کا ہی ہے’۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ بعد میں یہ مجسمہ ایس پی پولیس ہیڈ کوارٹر بارہمولہ دیویا نے ڈی ایس پی ڈی پی ایل بارہمولہ پیر زادہ اعجاز احمد کی موجودگی میں محکمہ آثار قدیمہ، آر کائیوز اور میوزیم کشمیر کے رجسٹرنگ آفیسر نوادرات اور ان کی ٹیم کو مناسب طریقہ کار کے تحت حوالے کر دیا۔
