سری نگر، 5 جولائی:
وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران رک رک کر بارشوں کی پیش گوئی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 6 سے 8 جولائی تک بھی رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران جموں کے بعض حصوں میں صبح کے وقت درمیانی سے بھاری درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔
ادھر وادی میں دگر گوں موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں گرواٹ ریکارڈ ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت17.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 17.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت11.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت15.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 16.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 17.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت17.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔