جموں، 7جولائی: سانبہ میں ایک فوجی اہلکار نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کی۔
ذرائع کے مطابق جموں صوبے کے سانبہ ضلع میں فوجی کیمپ میں تعینات اہلکار نے جمعے کی صبح دوران ڈیوٹی اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
واقعہ کے فوراً بعد وہاں موجود دوسرے فوجی اہلکار اس کی طرف دوڑے اور اس کو خون میں غلطاں دیکھا۔
انہوں نے اپنے زخمی ساتھی کو فوری طور نزدیکی فوجی اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
مہلوک فوجی اہلکار کی شناخت دومبال ساکن مہاراشٹریہ کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کے روز سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر تعینات بی ایس ایف جوان نے بھی اپنی زندگی کا چراغ گل کیا تھا۔