سری نگر، 9 جولائی:
محکمہ موسمیات کی طرف سے جموں وکشمیر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بیچ جہاںں اتوار کی صبح سری نگر اور جنوبی کشمیر میں دریائے جہلم میں پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا تھا وہیں دوسرے ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال ہے۔متعلقہ محکمے نے 10 جولائی سے موسم میں بہتری واقع ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع اور جموں خطے کے دیگر زیریں علاقوں کے لئے ‘ریڈ وارننگ’ جاری کی ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 10 جولائی سے موسم میں مجموعی طور پر بہتری متوقع ہے۔انہوں نے کہا: ‘کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع اور جموں خطے کے زیریں علاقوں کے لئے ‘ریڈ وارننگ’ جاری کی گئی ہے کیونکہ ان علاقوں میں سیلاب اور سیلابی ریلے آنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 1.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ قاضی گنڈ میں 31.8 ملی میٹر، پہلگام میں 17.4 ملی میٹر، کپوارہ میں 17.3 ملی میٹر، گلمرگ میں 3.0 ملی میٹر، جموں میں 14.2 ملی میٹر،بانہال میں 28.2 ملی میٹرم بٹوٹ میں 58.8 ملی میٹر،کٹرہ میں 19.2 ملی میٹر اور بھدرواہ میں 125.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
ادھر نامساعد موسمی حالات کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت14.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 14.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 14.0 ڈگری سینٹی گرہڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
جموں میں کم سے کم درجہ حرارت20.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
